Wednesday, July 18, 2018

thumbnail

سرکاری ہیلی کاپٹر کیس، نیب نے عمران خان کو پیشی سے استثنٰی دیدیا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں پیش ہونے کے لیے نیب سے مہلت مانگی جس پر نیب نے انہیں پیشی سے استثنیٰ دیدیا ہے۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان کی جانب سے نیب کو مراسلے کے ذریعے جواب بھجوایا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ انتخابات قریب ہیں اور عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کررہے ہیں۔ اس لیے 18 جولائی کو طے شدہ مصروفیات کے باعث ان کا نیب میں پیش ہونا مشکل ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے فوری بعد عمران خان نیب کے روبرو پیش ہوں گے اس لیے نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کے لیے 7 اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا جس پر قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف کو آج طلب کیا تھا۔
دوسری جانب نیب خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وکیل کی جانب سے درخواست موصول ہوگئی ہے۔ عمران خان کے انتخابی مہم میں مصروف ہونے کے باعث وقت مانگا گیا ہے پر نیب نے انہیں پیشی سے استثنیٰ دیدیا ہے۔
یاد رہےکہ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔

Subscribe by Email

Follow Updates Articles from This Blog via Email

No Comments